ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تیز ہوتی کسان تحریک کے بعد پی ایم کی رہائش پر ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ

تیز ہوتی کسان تحریک کے بعد پی ایم کی رہائش پر ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ

Sat, 05 Dec 2020 21:51:25    S.O. News Service

نئی دہلی،5؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک جیسے جیسے تیز ہوتی جارہی ہے، مرکز کی مودی حکومت پر بھی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ چار دور کی بات چیت ناکام ہونے کے بعد پانچویں دور کی بات چیت سے پہلے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر پیوش گویل نے پی ایم مودی کے گھر پہنچ کر اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔

دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ میٹنگ میں کسان تحریک کا حل نکالنے کے لیے لیڈروں کے درمیان کیا بات چیت ہوئی اسکی جانکاری نہیں مل سکی۔ البتہ اس میٹنگ کے بعد دوپہر 2 بجے کسانوں کے سات میٹنگ کی گئی۔

پی ایم مودی کی رہائش پر میٹنگ کے لیے جاتے وقت مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ میں پوری طرح سے پرامید ہوں کہ کسان مثبت سمت میں قدم اٹھائیں گے اور سمجھداری سے کام لیتے ہوئے تحریک کا راستہ چھوڑیں گے۔

مگر دوسری طرف کسان دہلی کی سرحدوں پر ڈٹے ہوئے تھے اور آر-پار کی لڑائی کا اعلان کررہے تھے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ زرعی قوانین کو منسوخ کرنے سے کم انھیں کچھ بھی منظور نہیں ہے۔ چلّا بارڈر پر کسانوں نے کہا کہ آج حکومت سے بات چیت میں کوئی حل نہیں نکلا تو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے۔ علاوہ ازیں ٹیکری بارڈر پر کسانوں نے کہا کہ حکومت بار بار تاریخ دے رہی ہے، سبھی اداروں نے متفقہ طور پر فیصلہ لیا ہے کہ آج بات چیت کا آخری دن ہے۔

مرکزی حکومت کے ساتھ آج زرعی قوانین پر ہونے والی میٹنگ سے متعلق ’کسان سنیکت مورچہ‘ کے سربراہ رام پال سنگھ نے کہا کہ ’’آج آر-پار کی لڑائی کر کے آئیں گے۔ روز روز میٹنگ نہیں ہوگی۔ آج میٹنگ میں کوئی اور بات نہیں ہوگی، قوانین کو رد کرنے کے لیے ہی بات ہوگی۔‘‘


Share: